پٹنہ :14/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) چارہ گھوٹالہ کے کئی معاملہ میں سزا کاٹ رہے بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو یادو نے عوام سے باہم الجھنے اور سیاسی افواہ بازی نیز پروپیگنڈوں سے بچنے کی اپیل کی ہے۔ لالو یادو نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اتوار کی شام ایک ٹو ئٹ کرکے بغیر کسی کا نام لئے کہا ہے کہ ایسے لوگ مختلف قسم کا خوف اور بھرم پھیلا کر بچوں اور نوجوانوں کو لفظوں اور نعروں کے جال میں پھنسا کر جان کی ’آہوتی‘(قربانی) کے لئے مشتعل کریں گے۔آر جے ڈی سربراہ نے لکھا ہے کہ:’’ ملک کے عوام سے بصد احترام اپیل ہے کہ انتخابات کا وقت آ گیا ہے، جو نفرت کی سیاست پر ٹکا ہوا ہے۔ لوگ کئی قسم کا خوف پیدا کرکے اوربھرم نیزافواہ کے ذریعہ آپ کے بچوں اور نوجوانوں کو ان کی جان کی ’آہوتی‘ قربانی پیش کرنے کے لیے لفظوں کے جادو کا سہارا لیں گے ۔لالو یادو نے مزید کہا کہ:’ آپ کے بچے آپس میں انسانیت بھول کر گائے، گوبر اورنفرت کے نام پر ایک دوسرے کو مار کر اپنی زندگی برباد کر رہے ہوں گے اور ان جملے بازوں کے بچے اعلیٰ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں اپنا مستقبل سنوار رہے ہوں گے؛ اس لئے تمام والدین سے درخواست ہے کہ اپنے اور اپنے بچوں کو ایسے گمراہ کن پروپیگنڈہ اور افواہ بازی سے ہوشیار رہیں، اور بچوں کا خیال رکھیں‘۔ لالویاود نے مزید متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ :’’یاد رکھیں کہ اس کا آغاز یوپی۔بہارسے ہو چکا ہے‘‘۔ غور طلب ہے کہ چارہ گھوٹالے میں سزا پانے کے بعد لالو ان دنوں جھارکھنڈ میں پس زنداں ہیں۔ فی الوقت طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے رانچی کے ’’ریمس‘‘ ہاسپیٹل میں زیرِعلاج ہیں ۔